پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اس کے اثرات
تحریر: [طلحہ راجہ] پاکستان میں اس وقت سیاسی منظرنامہ پیچیدہ اور نازک صورتحال کا شکار ہے۔ سیاسی کشمکش، معاشی بحران، اور عوامی بےچینی نے ایک نہ ختم ہونے والے سلسلے کو جنم دیا ہے۔ موجودہ حالات میں حکومت، اپوزیشن، اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کشمکش نے نہ صرف سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے بلکہ ملک کی معاشی حالت بھی بدتر کر دی ہے۔ اس مضمون میں ہم موجودہ سیاسی حالات، بڑھتی ہوئی مہنگائی، فوج کی سیاست میں مداخلت، پی ٹی آئی کی فوج سے کشیدگی اور کامیاب بائیکاٹ، اور ترسیلاتِ زر میں کمی پر تفصیلی نظر ڈالیں گے۔
سیاسی عدم استحکام اور اس کے اسباب
پاکستان کی سیاست میں عدم استحکام کی تاریخ کافی پرانی ہے، مگر حالیہ برسوں میں یہ زیادہ شدت اختیار کر چکی ہے۔ تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کے بعد ملک میں احتساب اور کرپشن کے خلاف مہم زوروں پر رہی، لیکن اس کے نتائج متنازعہ رہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے حکومتی پالیسیوں کو ناکام قرار دیا، جس کے نتیجے میں سیاسی درجہ حرارت بڑھتا رہا۔ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں مزید عدم استحکام پیدا ہوا، اور موجودہ حکومت بھی سیاسی مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنے میں ناکام رہی۔
مہنگائی کا بحران
ملکی معیشت کی خراب حالت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ افراطِ زر اپنی بلند ترین سطح پر ہے، اور عام آدمی کی قوتِ خرید کم ہوتی جا رہی ہے۔ روزمرہ اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے متوسط طبقہ شدید دباؤ میں ہے۔ بجلی، گیس، اور پیٹرول کی قیمتوں میںب اضافے نے عوام کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ معیشت کے اس زوال کا ایک بڑا سبب سیاسی عدم استحکام اور ناقص معاشی پالیسیاں ہیں۔
فوج کی سیاست میں مداخلت
پاکستان کی سیاست میں فوج کا کردار ہمیشہ موضوعِ بحث رہا ہے۔ ماضی میں حکومتیں گرانے اور بنانے میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار کھلے عام دیکھا گیا ہے۔ حالیہ برسوں میں فوج اور تحریک انصاف کے تعلقات میں جو تناؤ آیا، اس نے نئی بحث کو جنم دیا۔ پی ٹی آئی نے اپنے بیانیے میں فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ان کی حکومت کے خاتمے میں کردار ادا کیا۔ یہ صورتحال فوج کے سیاسی کردار پر سوالیہ نشان کھڑا کرتی ہے، جو کہ جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ہے۔
پی ٹی آئی کا فوجی بائیکاٹ
پی ٹی آئی نے فوج سے اپنے تعلقات کی خرابی کے بعد کامیابی سے اسٹیبلشمنٹ کے بائیکاٹ کا بیانیہ اپنایا۔ عمران خان نے اپنے بیانیے کو عوامی حمایت میں بدلنے کی کوشش کی، جس میں انہیں بڑی حد تک کامیابی ملی۔ ان کی جماعت کا نیا موقف "سویلین بالادستی” کو فروغ دینا ہے، جسے عوامی حلقوں میں پذیرائی ملی ہے۔ یہ تبدیلی پاکستانی سیاست میں ایک نئی روایت کی بنیاد ڈال سکتی ہے، جہاں سیاست دان اپنے مسائل کا حل پارلیمنٹ میں تلاش کریں۔
ترسیلات زر میں کمی
ملکی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان ترسیلاتِ زر میں کمی سے پہنچا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی جو ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے حالیہ بحرانوں کے باعث کم رقم پاکستان بھیجنا شروع کی ہے۔ اس کی وجوہات میں سیاسی عدم استحکام، معاشی غیریقینی، اور بینکنگ نظام پر عدم اعتماد شامل ہیں۔ ترسیلات زر میں کمی سے زرِ مبادلہ کے ذخائر پر منفی اثر پڑا، جس نے روپے کی قدر میں مزید کمی اور مہنگائی میں اضافے کو جنم دیا۔
جب تک پاکستان میں سیاسی استحکام نہی آتا اور فوج کی سیاست میں مکمل طور پر مداخلت ختم نہیں ہوتی تب تک پاکستان آگے نہی بڑھ سکتا
