ایتھنز: یونان کی عدالت نے 8 سال بعد پاکستانی نوجوان کے قتل کا فیصلہ سنادیا، عدالت نے قتل میں ملوث یونان کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت کو دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا، گولڈن ڈان نامی فاشسٹ جماعت کے اراکین نے 2012ء میں شہزاد لقمان نامی نوجوان کو قتل کیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان میں پاکستانی نوجوان شہزاد لقمان کے قاتل قانون کی گرفت میں آ گئے،8 برس قبل فاشسٹ تنظیم کے اہلکاروں نے شہزاد لقمان کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔
قتل میں ملوث یونان کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت کو سپریم کورٹ نے دہشت گردتنظیم قرار دے دیا۔ گولڈ ن ڈان نامی تنظیم پاکستانیوں اور دیگر تارکین وطن پر تشدد میں ملوث تھی، سیاسی جماعت کی اعلیٰ قیادت کو کمرہ عدالت سے ہی حراست میں لیا گیا۔
عدالتی فیصلے کے حق میں سپریم کورٹ کے باہر ہزاروں شہریوں نے جشن منایا، یونانی وزیر اعظم نے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اسےریاست اور عوام کی فتح قرار دیا۔
یاد رہے کہ 1993ء میں قائم ہونے والی سیاسی جماعت ہٹلر اور دیگر نازی رہنماؤں کے نظریات سے متاثر تھی۔