دوحہ: نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی قطر کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ دوحہ نیول بیس پہنچنے پر کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس موقع پر امیر البحر کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ نیول چیف کو قطری بحریہ کی استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
نیول چیف نے قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف سٹاف اور کمانڈر قطر امیری ایئر فورس سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف نے خطے میں سمندری تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔
میزبان حکام نے خطے کی بحری سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔
ترجمان کے مطابق نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ملکوں بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔