لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک اہم میٹنگ میں کہا تھا کہ اگر بھارتی پائلٹ ابھینندن کو نہ چھوڑا گیا تو بھارت رات 9 بجے پاکستان پر حملہ کر دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے۔ دو سال حکومت کو سہارا دینے کی بہت کوششں کیں، اب اس حکومت کو سہارا دینا مناسب نہیں ہے۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے ساتھ دہرا معیار اب نہیں چلے گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ کسی کی ذات کو تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے لیکن یہ لوگ ہمیں کبھی چور اور کبھی مودی کا یار کہتے ہیں۔ اگر ہر وقت گالم گلوچ کریں گے تو پھر ہماری زبان بھی تو کبھی نہ کبھی کھلے گی۔ مراد سعید ایوان میں زیادہ گالیاں نکالتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سنجیدہ لوگ نہیں ہیں۔ ان کو تو پارلیمان کے رولز کا ہی نہیں پتا۔ یہ ریموٹ کنٹرول سے کام چل رہا ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری چند روز پہلے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، تاہم اگر کوئی ملاقات ہوگی تو اس میں چھپانے والی کوئی بات نہیں ہے۔
ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر سمیت ہر ایشوز پر ہم نے حکومت کا ساتھ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے ایک اہم میٹنگ میں ابھینندن کے معاملے پر کہا تھا کہ اگر اسے رہا نہ کیا گیا تو بھارت رات کو پاکستان پر حملہ کردے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی موجودگی میں کی جبکہ اس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کشمیر سمیت ہر ایشو پر ہم نے حکومت کا ساتھ دیا۔ ہم نے ابھینندن کے معاملے پر بھی حکومت کو سپورٹ کیا۔ کلبھوشن پر تو عالمی عدالت میں کیس چل رہا ہے، ان کا بس چلے تو اسے بھی بھیج دیں۔