وزیراعلیٰ پنجاب کا ناراضی مٹاؤ مشن کامیاب، ہم خیال گروپ کا قیادت پر اظہار اعتماد
لاہور: وزیر اعلی پنجاب روٹھوں کے گلے شکوے دور کرنے میں کامیاب ہوگئے، ہم خیال گروپ نے سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔
وزیر اعلی پنجاب سے پارٹی کے ہم خیال گروپ کی ملاقات کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی۔ سردار عثمان بزدار نے ارکان اسمبلی کو ان کے جائز کاموں کے حل کی مکمل یقین دہانی کرا دی۔ انہوں نے کہا ارکان اسمبلی سر کا تاج ہیں، ان کے جائز کاموں میں رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا، کرونا کے باعث صوبے کو معاشی طور پر سست صورتحال کا سامنا ہے، پوری کوشش ہے پارٹی کے ارکان اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
عثمان بزدار سے گزشتہ روز غضنفر عباس چھینہ، سردار شہاب الدین، سردار محمد محی الدین، اعجاز خان، محمد اعجاز حسین، محمد عامر عنایت شاہانی، غلام علی اصغر خان، کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، تیمور علی لالی، بلال اصغر، محمد احسن جہانگیر اور گلریز افضل گوندل نے ملاقات کی۔ جس میں ہم خیال گروپ نے اپنے شکوے شکایات کیں۔ خواجہ داؤد سلیمانی نے مبینہ اڈیو سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔