اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جو بھی حکمت عملی بنارہے ہیں اس میں دیہاڑی دار مزدور پہلی ترجیح ہیں، ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں، صوبائی حکومتیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیں۔
نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال اور ملک میں اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جب کہ صوبوں میں کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں حکومتی ریلیف پیکج کو مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے رضاکار فورس کی حکمت عملی طے پا گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو خصوصی ٹاسک سونپا جائے گا اور ہزاروں پارٹی عہدے داروں کو کورونا ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا، مجھے یقین ہے قوم متحد ہوکر اس آزمائش کا مقابلہ کرے گی، محدود وسائل کے باوجود ہر سرکاری ادارہ بہترین کام کررہا ہے، جو بھی حکمت عملی بنا رہے ہیں اس میں دیہاڑی دار مزدور پہلی ترجیح ہے، ہنگامی حالات میں تمام وسائل قوم پر لگائیں گے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں، صوبائی حکومتیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ وزیراعظم نے شاہراہوں پر گڈز ٹرانسپورٹ بحال رکھنے سے متعلق وفاقی وزیر مراد سعید کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا فوڈ چین میں کسی صورت رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔
وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کل قوم کے سامنے جامع روڈ میپ رکھوں گا، مشکل وقت میں لیڈر شپ کا امتحان ہوتا ہے، گھبراہٹ میں کئے جانے والے فیصلے درست نہیں ہوتے۔