اسلام آباد: وزیراعظم نے صنعتوں کو بجلی میں رعایت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا صنعتوں کو اضافی بجلی پر 50 فیصد کم ریٹ دیں گے، صنعتیں پچھلے نومبر کے بل سے زیادہ بجلی استعمال کریں گے تو انہیں جون تک 50 فیصد رعایت دی جائے گی، صنعتوں کو اگلے 3 سال کیلئے 25 فیصد کم نرخ پر اضافی بجلی دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا صنعتوں کو دی جانیوالی بجلی بھارت اور بنگلادیش سے 25 فیصد مہنگی ہے، مہنگے معاہدوں کے باعث صنعتکاروں کو مہنگی بجلی فراہم کرنا پڑتی ہے، یہی وجہ ہے ہماری صنعت ان ممالک کی صنعتوں کا مقابلہ نہیں کر پاتی، جتنی برآمدات بڑھیں گی ملک میں پیسہ آئے گا، خوشی ہے کوویڈ کے بعد پاکستان برصغیر میں وہ ملک ہے جو تیزی سے آگے نکلا۔
عمران خان کا کہنا تھا پاکستان میں سیمنٹ کی ریکارڈ فروخت ہوئی، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی سیل بڑھ گئی ہے، کورونا وائرس کا سب سے زیادہ نقصان سروس انڈسٹری کو ہوا، کورونا کے باعث شادی ہال، سیاحت، ریسٹورنٹس کو نقصان ہوا، جیسے ملکی دولت میں اضافہ ہوگا قرضوں کی واپسی میں آسانی ہوگی، جیسے جیسے روزگار میں اضافہ ہوگا غربت کم ہوگی۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا صنعتوں کو 24 گھنٹے آف پیک آورز بجلی فراہم کی جائے گی، پوری دنیا کساد بازاری سے گزر رہی ہے، ہماری سیمنٹ اور گاڑیوں کی سیل میں اضافہ ہوا ہے، صنعتکاری میں سب سے زیادہ بجلی کی کھپت ہوتی ہے، ماضی کے مہنگے معاہدوں کے باعث صنعت کی پیداواری لاگت بڑھ گئی، ہماری کوشش ہے پیداواری لاگت کم ہو، کوشش ہے ہماری صنعت عالمی صنعت کا مقابلہ کرے۔