لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، عوام سمیت سب کو مل کر چلنا ہو گا، حالات کی بہتری کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی ،سابق ایم این اے میاں منیر کی رہائش گاہ پر پہنچے، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے میاں منیر کے بھائی میاں نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے میاں منیر اور تمام اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی۔ میاں ریحان، میاں رضا میاں جہانگیر، میاں نذیر، میاں وحید، میاں وقار، میاں اسد منیر اور میاں عزیز بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں کا حصہ لینا خوش آئند ہے، موسم ٹھنڈا ہونے کے باوجود اپوزیشن سیاسی موسم گرم کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیاب ہونے والوں کو مبارکباد دی۔ چوہدری پرویز الہی نے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین، مرکزی جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو مبارکباد پیش کی۔
چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ پارٹی میں جمہوری عمل مکمل ہو گیا ہے۔ سب نے مل کر پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے کام کرنا ہے۔