*نگراں صوبائی وزیر صحت اور وائس چانسلر جے ایس ایم یو نے کراچی پریس کلب میں شبانہ شفیق ڈینٹل کلینک کا افتتاح کردیا*
*منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے روک تھام کے لیے میڈیا ہمارا ساتھ دے۔ یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے، ڈاکٹرسعدخالد نیاز*
*کراچی پریس کلب میں قائم ڈینٹل کلینک میں صحافیوں کا ابتدائی علاج بلا معاوضہ ہوگا جبکہ جے پی ایک سی میں مزید علاج پر پچاس فیصد رعایت دیجائے گی، پروفیسر امجد سراج میمن*
*ہم اپنے ممبران کو ہر طرح کا ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ڈینٹل کلینک کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، سیکریٹری کے پی سی شعیب احمد خان*
*کلب ممبران کو میڈیکل کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے، صدر کے پی سی سعید سربازی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) نگراں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز، وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون سے قائم شبانہ شفیق ڈینٹل کلینک کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد خان، نائب صدر مشتاق سہیل، خازن احتشام سعید قریشی، گورننگ باڈی کے ارکان ذوالفقار راجپر، کلثوم جہاں، فاروق سمیع ہیلتھ کمیٹی کے سیکرٹری طفیل احمد، سابق صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران، پی ایف یو جے کے نائب صدر افسر عمران، سابق سیکرٹری ارمان صابر، ڈاکٹر جبار خٹک سمیت کلب ممبران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دانتوں کے علاج انشورنس کمپنی بھی کور نہیں کرتی ہے۔ میں مشکور ہوں جے ایس ایم یو کا کہ جنہوں نے کراچی پریس کلب میں ڈینٹل کلینک کے قیام کیلئے تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کی روک تھام کیلئے میڈیا ہمارا ساتھ دے۔ یہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ ہمیں اس کے خلاف جنگ کرنا ہوگی۔ ہم اپنی طرف سے جتنا ہوسکے گا کام کریں گے تاہم میڈیا کی آگہی اس میں بہت ضروری ہے۔ آئس کی اسمگلنگ کو روکنا ناممکن ہے۔ اس بارے میں آگہی ہونی چائیے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپا ٹائٹس کے حوالے سے اسکریننگ میں ہم کراچی پریس کلب کی مدد کرینگے۔ ہم محکمہ صحت کو بہتری کی طرف لے جارہے ہیں۔ ادویات کی قلت کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ہم شکر گزار ہیں کہ ہمیں خدمت کا موقع دیا۔ ہم صحافیوں کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں کہا کہ کراچی پریس کلب میں قائم ڈینٹل کلینک میں صحافیوں کا ابتدائی علاج بلا معاوضہ ہوگا جبکہ جے پی ایم سی میں مزید علاج پر پچاس فیصد رعایت دی جائے گی۔ تمام میڈیکل ٹیسٹ چالیس فیصد رعایت پر کئے جائیں گے، دو دن کیلئے شوگر اور کولسٹرول کا ٹیسٹ فری ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کلب ممبران کے بچے جو میرٹ پر پورا اتریں گے ان کے تعلیمی اخراجات جناح سندھ یونیورسٹی اٹھائے گی۔ صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے ڈینٹل کلینک کے قیام کے حوالے سے جے پی ایم سی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ممبران کو ہر طرح کا ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈینٹل کلینک کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلب ممبران کو میڈیکل کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد خان نے کہا کہ میڈیا ورکرز کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہیلتھ کے حوالے سے ممبران کیلئے صحت کی سہولیات کا ہونا ضروری ہے۔ سرکاری اسپتال سے علاج مشکل اور دشوار ہے۔ کراچی پریس کلب کی جانب سے کتیانہ میمن ماڈرن اسپتال اور جے ایس ایم یو سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں کراچی پریس کلب وہ واحد کلب ہے جس میں ڈینٹل کلینک ہے۔ ان کاموں کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں۔ ھم الیکشن میں کامیابی یا ناکامی سے کو پس پشت ڈال کر کلب کی ترقی کیلئے ہمیشہ کام کرتے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ ممبران فیصلہ کرینگے کہ وہ ہمارے کام سے کتنا مطمئن ہیں۔ قبل ازیں کراچی پریس کلب اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ تقریب کے اختتام پر صدر اور سیکریٹری کراچی پریس کلب نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز، وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن، رجسٹرار اعظم خان، پی آر او سدرا محسن اور سیکریٹری ہیلتھ کمیٹی طفیل احمد کو شیلڈز پیش کی گئیں۔
