مشہد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایرانی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ اور اسلام کی سربلندی کیلئے پاکستان اور ایران مل کر آواز بلند کریں گے۔
امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حجتہ الاسلام والمسلمین احمد مروی کے ہمراہ بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں آج مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے روضے پر پاکستانی قوم کو یہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ حجت الاسلام احمد مروی اور ایرانی قیادت نے من جملہ فیصلہ کیا ہے کہ ناموس رسالت کیلئے، حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حرمت کیلئے اور اسلام کی سربلندی کیلئے، پاکستان اور ایران مل کر آواز بلند اورہر فورم پر امہ کو یکجا کریں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ پوری امہ کو اس معاملے پر یکجا کیا جائے اور مغرب کو قائل کیا جائے کہ وہ طبقہ، وہ لوگ یا وہ ادارے جو توہینِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مرتکب ہوتے ہیں ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے ہماری جدوجہد انشاء اللہ جاری رہے گی۔