نارنگ منڈی: نارنگ منڈی میں کالاخطائی روڈ پر دھند کے باعث وین اور بس میں تصادم کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ناروال سے لاہور جانے والی مسافر بس سامنے سے آنے والی مسافر وین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وین میں لگا ایل پی جی سلنڈر پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے وین اور مسافر بس دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا، 17 زخمیوں کو قرییی ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق ہونے والے 13 افراد کی لاشیں بھی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ زخمی ہونے والوں میں 7 خواتین 8 مرد اور ایک 5 سالہ بچی شامل ہے۔