*نارتھ کراچی سیکٹر 11-A میں گل لالہ پارک کا افتتاح، شہریوں کے لیے تفریحی سہولت بحال*
*محدود وسائل کے باوجود جماعت اسلامی کے زیرِ انتظام نو ٹاؤنز میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں، حافظ نعیم الرحمن*
*دیانت داری، شفافیت اور مسلسل محنت سے تین برس میں نیو کراچی ٹاؤن کا نقشہ بدل دیا، چیئرمین محمد یوسف*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کے ہمراہ نارتھ کراچی سیکٹر 11-A میں تزئین و آرائش کے بعد گل لالہ پارک کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، ڈاکٹر شکیل احمد، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، چیئرمین یوسی 12 عظیم انور، وائس چیئرمینز، کونسلرز، جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو جب بھی کراچی کی خدمت کا موقع ملا، اس نے شہر کی تعمیر و ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان کی ترقیاتی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جاتا تو آج کراچی کو پانی کے شدید بحران کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ کراچی کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا تھا، تاہم بعد میں آنے والی حکومتوں کی جانب سے اس منصوبے کو مطلوبہ توجہ نہ ملنے کے باعث شہری آج بھی پانی کی قلت سے متاثر ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ محدود وسائل اور مالی مشکلات کے باوجود جماعت اسلامی کے زیرِ انتظام نو ٹاؤنز میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن اس کی نمایاں مثال ہے، جہاں سڑکوں کی تعمیر، پیور بلاکس کے ذریعے گلیوں کی پختگی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکس کی بحالی اور دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گل لالہ پارک کی بحالی محض ایک پارک کی تزئین و آرائش نہیں بلکہ شہریوں کو صحت مند، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جہاں بچے اور خاندان بہتر تفریحی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں گے۔اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ جب جماعت اسلامی نے نیو کراچی ٹاؤن کی ذمہ داری سنبھالی تو یہ علاقہ بدانتظامی، خستہ حال بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولتوں کی کمی جیسے مسائل سے دوچار تھا۔ تاہم ان کے بقول گزشتہ تین برس کے دوران دیانت داری، شفافیت اور مسلسل محنت کے ذریعے ٹاؤن میں نمایاں تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی امانت کو عوام ہی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا جماعت اسلامی کی پہچان ہے اور نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے اسی طرزِ عمل کی عکاسی کرتے ہیں۔محمد یوسف نے کہا کہ گل لالہ پارک ماضی میں ویرانی اور عدم توجہی کا شکار تھا، جسے ازسرِنو تعمیر، خوبصورت تزئین و آرائش، شجرکاری اور دیگر سہولتوں سے آراستہ کرکے شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبوں کا مقصد صرف شہر کو خوبصورت بنانا نہیں بلکہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کو صحت مند اور پُرامن ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا اور عوامی خدمت کے مزید منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے۔تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے گل لالہ پارک کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
