BBC Urdu TV

مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس پر روانگی: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی کے اعزاز میں پروقار

مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس پر روانگی: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی کے اعزاز میں پروقار الوداعی تقریب، نمایاں خدمات پر عملے کو تعریفی اسناد سے نوازا

جہلم (عبدالرحمن قادری) ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محترمہ سنیہ صافی کی مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس کے لیے روانگی کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور دفتری عملے نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے محترمہ سنیہ صافی کی بطور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) جہلم خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کیں۔ انہوں نے ریونیو انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی مسائل کے بروقت حل اور دفتری امور میں شفافیت کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
اس موقع پر شرکاء نے محترمہ سنیہ صافی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے سرکاری خدمات میں مزید بہتری لانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
تقریب کے اختتام پر محترمہ سنیہ صافی نے اپنے دورِ تعیناتی میں بہترین کارکردگی، محنت، لگن اور تعاون پر اپنے دفتری عملے کو تعریفی اسناد (Appreciation Letters) سے نوازا۔ جن افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد دی گئیں ان میں کمپیوٹر آپریٹر عدالت اے ڈی سی آر سعد، ریڈر ٹو اے ڈی سی آر، حافظ محمد ارسلان (نائب قاصد عدالت اے ڈی سی آر)، محمد علی، خالد، محمد ریاض اور جواد شامل ہیں۔
محترمہ سنیہ صافی نے اس موقع پر اپنے عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے کی کامیابی ٹیم ورک، باہمی تعاون اور خلوصِ نیت سے انجام دی جانے والی خدمات سے مشروط ہوتی ہے، اور انہیں اپنے عملے کی پیشہ ورانہ وابستگی پر ہمیشہ فخر رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے انہیں نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا اور ان کی آئندہ کامیابیوں کے لیے دعا کی۔

Exit mobile version