مودی دہشتگردی کروا رہا ہے تاکہ بہار کے انتخابات جیت سکے۔سعید غنی
کراچی(نمائندہ رخسار بٹ) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وہ بہار کے ریاستی انتخابات میں کامیابی کے لیے خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ بات صرف میں نہیں کر رہا، بلکہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک بھی مودی کی پالیسیوں پر سوال اٹھا چکے ہیں۔یہ بیان انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے زیرِ اہتمام نکالی گئی ’’پاکستان زندہ باد ریلی‘‘ سے خطاب کے دوران دیا۔ یہ ریلی بھارتی جارحیت کے خلاف ٹاور سے شروع ہو کر سندھ اسمبلی چوک تک نکالی گئی، جہاں شرکاء نے جلسے کی صورت میں اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ریلی میں سعید غنی کے ہمراہ جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی، سینیٹرز اور دیگر پارٹی رہنما شریک تھے۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور مودی مخالف نعرے لگائے۔خطاب کے دوران سعید غنی نے کہا:
"پہلے چائے پلا کر رخصت کر دیا تھا، اب کی بار چائے بھی نہیں پلائیں گے اور رخصت بھی نہیں کریں گے۔انہوں نے بھارتی میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ پاکستان بٹا ہوا ہے، لیکن پاکستان بٹا ہوا نہیں۔ ہم سب ایک ہیں۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر جب ملک پر بات آئے گی تو پوری قوم ایک ہو جائے گی۔‘سعید غنی نے مزید کہا کہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے۔ "کل ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کی، آپ نے سنی ہوگی، جو کہ واضح پیغام ہے کہ پاکستان ہر جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔اس موقع پر انہوں نے یومِ مزدور کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن شکاگو کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، جنہوں نے محنت کشوں کے حقوق کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں اور محنت کش طبقات کے ساتھ ہے اور ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔
