موجودہ جدت نے جہاں انسانی زندگی میں بے شمار آسانیاں پیدا کیں ہیں وہاں انسان کو انسانی اقدار سے محروم کر دیا ہے۔امیر عبدالقدیر اعوان
موجو دہ جدت نے انسانی قدر کو ختم کر دیا ہے۔لوگ ہر شئے کی قدر کر تے ہیں لیکن انسان کی اپنی قدر ختم ہوگئی ہے۔تو اصل میں تو اس جدت سے کچھ حاصل ہونے کی بجائے نقصان ہوا ہے۔ضیاع ہوا ہے۔دین اسلام نے بندہ مومن کو بنیاد یعنی مقصد حیات پر کھڑا کیا ہے۔اس اصل تک پہنچنے کے لیے درِ مصطفے ﷺ کی راہنمائی درکار ہوتی ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب۔
انہوں نے کہا کہ عقل مند وہ ہے جو کھڑے،بیٹھے اور لیٹے اللہ کا ذکر کرتا ہے۔نماز کی ادائیگی کے بعد بھی ذکر الٰہی کا حکم ہے جس سے ذکر کی اہمیت کا اندازہ ہو تا ہے۔زندگی کا ہر وہ کام جو شریعت کے مطابق ہو عبادت بن جاتا ہے۔فنافی اللہ تک پہنچنے کے لیے فنا فی الرسول ضروری ہے۔مقدم اللہ کے حکم کو رکھا جائے تو یاد الٰہی سے شعور بھی نصیب ہوتا ہے۔ذکر کے تین پہلو ہیں۔عملی ذکر،لسانی ذکر اور ذکر قلبی یعنی خفی ذکر دل ہی دل میں اللہ کریم کو یاد کرنا۔ہر وہ عمل جس میں اللہ کی یاد موجود ہے وہ عملی ذکر ہے جیسے ہم نماز پڑھتے ہیں تو جو ہم زبان سے پڑھ رہے ہیں وہ تو لسانی ذکر میں آجائے گالیکن جو قدم ہم نے نماز کے لیے اُٹھائے جو رکوع و سجود کیے ارکان ادا کیے وہ سب عملی ذکر میں شامل ہوں گے۔قرآن کریم کی تلاوت،تسبیحات یا کسی کو دعا دیتے ہیں ہیں یہ سب لسانی ذکر میں شامل ہوں گے۔
عمل کثیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کثیر اس کوکہیں گے جو باقی سب اعمال سے زیادہ ہو۔عمل کثیر میں دیکھنا اور بولنا نہیں آئے گا کیونکہ دل کی دھڑکن وجود انسانی میں سب سے زیادہ عمل ہے تو جب اللہ کی یاد کو دل میں بسائیں گے تو ذکر کی خفی قسم جو ہے وہ ذکر کثیر میں شامل ہو گی۔کثرت ذکر نصیب ہی ذکر قلبی سے ہوتا ہے۔یاد الٰہی بڑا اکسیر نسخہ ہے۔مفسر قرآن نے اس ذکر خفی کو واجب ارشاد فرمایا ہے۔اللہ کریم اپنی یاد کی توفیق عطا فرمائیں۔ہمیشہ اپنا معاملہ اپنے اللہ کے سپرد کیا کریں۔
آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کیا جتماعی دعا بھی فرمائی۔
