BBC Urdu TV

منیب الرحمن کی شاندار کامیابی پر مبارک باد کاسلسلہ جاری معروف سماجی شخصیت عبدالغفور چوہان

منیب الرحمن کی شاندار کامیابی پر مبارک باد کاسلسلہ جاری معروف سماجی شخصیت عبدالغفور چوہان، انچارج ایدھی ویلفیئر سنٹر جہلم کی عبدالرحمان قادری کے گھر امد

جہلم (اصف اقبال جنجوء): القاسم انسٹیٹیوٹ برائے سپیشل بچگان کے ہونہار اور اسپیشل طالب علم منیب الرحمن کی نیشنل اسپیشل اولمپکس ویٹ لفٹنگ میں شاندار کامیابی پر مبارک باد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ منیب الرحمن نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز اپنے نام کیے اور پاکستان بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنے ادارے بلکہ ضلع جہلم کا نام بھی روشن کر دیا۔منیب الرحمن، جو سینئر صحافی عبدالرحمن قادری کے صاحبزادے ہیں، کی اس غیر معمولی کامیابی پر مختلف سماجی، سیاسی، صحافتی، تعلیمی اور فلاحی شخصیات نے انہیں، ان کے والد اور القاسم انسٹیٹیوٹ برائے سپیشل بچگان کی انتظامیہ کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔معروف سماجی شخصیت عبدالغفور چوہان، انچارج ایدھی ویلفیئر سنٹر جہلم نے منیب الرحمن اور ان کے والد عبدالرحمن قادری کو پھولوں کی مالا پہنائی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیب الرحمن کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خصوصی بچے بھی مناسب تربیت، محنت اور بھرپور رہنمائی کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
القاسم انسٹیٹیوٹ برائے سپیشل بچگان کے اساتذہ، طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی منیب الرحمن کی اس تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے اور دیگر خصوصی بچوں کے لیے ایک روشن مثال ثابت ہوں گے۔

Exit mobile version