ملتان: ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے کورونا کو جواز بنا کر پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کی ضد کی وجہ سے پولیس نے پی ڈی ایم کے عہدیداروں کی پکڑ ڈھکڑ شروع کر دی ہے۔
ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کے لیے مقدمات کے اندراج کیساتھ گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے لیکن اسکے باوجود پی ڈی ایم کے مشاورتی اجلاس کیساتھ عہدیداروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے جلسہ گاہ کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا ہے، اس صورت حال پر اپوزیشن جماعتیں حکومت کے دوہرے معیار پر سراپا احتجاج ہیں۔
پی ڈیم ایم کے جلسے سے آصفہ بھٹو زرداری، مریم نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماوں نے خطاب کرنا ہے جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی میزبان جماعت جلسے کے حوالے سے پلان بی اور سی بھی تیار کر لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے کیٹرنگ، پینافلیکس تیار کرنے پر متعلقہ دکانداروں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، جلسے کو روکنے کے لیئے جلسہ گاہ میں بھی پانی چھوڑ دیا گیا ہے۔