BBC Urdu TV

مقابلہ حسن قرأت جہلم میں جامعہ علوم اثریہ کے طالب علم خالد بن عبدالجلیل نے پانچویں پوزیشن اپنے نام

مقابلہ حسن قرأت جہلم میں جامعہ علوم اثریہ کے طالب علم خالد بن عبدالجلیل نے پانچویں پوزیشن اپنے نام کر لی۔

اس کامیابی پر میں ہونہار طالب کے والدین اور اساتذہ کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ حافظ عبدالحمید عامر

جہلم(زاہد خورشید)ضلع جہلم کی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ شاندار ضلعی مقابلہ حسنِ قرأت میں جامعہ علوم اثریہ جہلم کے ہونہار طالب علم خالد بن عبدالجلیل نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن اپنے نام کر لی،اس پروقار اور روح پرور تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن تھے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، جید علمائے کرام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز اراکین نے تقریب میں بھرپور شرکت کی اور ننھے قراء کے لحن داؤدی سے اپنے دلوں کو منور کیا۔اس شاندار کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے ایک خصوصی اور تہنیتی بیان میں کہا کہ خالد بن عبدالجلیل کی یہ کامیابی جامعہ کے اساتذہ کی شبانہ روز محنت اور والدین کی مخلصانہ دعاؤں کا ثمر ہے، میں اس ہونہار طالب علم، ان کے شفیق اساتذہ اور محترم والدین کو دل کی اتہاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔حافظ عبدالحمید عامر نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور حکومت پنجاب کی اس خوبصورت کاوش کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ سرکاری سطح پر ایسے مقابلہ جات کا انعقاد لائق صد تحسین اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان روحانی محافل کی بدولت معاشرے میں، بالخصوص نئی نسل کے دلوں میں قرآنِ مجید سے محبت، لگاؤ اور تلاوت کا ذوق و شوق پروان چڑھے گا۔جامعہ کے تعلیمی معیار اور لحن و تجوید پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے تذکرہ کیا کہ جامعہ علوم اثریہ کے طالب علموں کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ پہلے بھی ایسے اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں شرکت کر کے ہمیشہ نمایاں پوزیشنز حاصل کرتے رہے ہیں اور ادارے کا سر فخر سے بلند کرتے آئے ہیں۔ ہمارے ہاں حفظِ قرآن کے لیے چھ الگ اور منظم کلاسز قائم ہیں، جہاں طلبہ کی روحانی و علمی تربیت کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جامعہ میں’’علم التجوید‘‘ کا ایک مستقل اور باقاعدہ الگ شعبہ سرگرمِ عمل ہے، جہاں ماہرِ فن اساتذہ بچوں کے تلفظ اور لحن کو قرآن کے شایانِ شان سنوارتے ہیں۔انہوں نے مزید کہ ان شاء اللہ عزوجل جامعہ علوم اثریہ کے یہ روشن ستارے آئندہ بھی اپنی محنت اور پختہ عزم کی بدولت ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر ایسی ہی نمایاں اور مثالی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے اور دینِ اسلام کی سربلندی کا باعث بنیں گے۔

Exit mobile version