*مفکرِ اسلام ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر جیلانیؒ کا سالانہ عرس عقیدت و احترام سے منعقد*
اسلام آباد (رپورٹ: جاوید صدیقی) آستانہ عالیہ قادریہ جیلانیہ حسینیہ شریف، کہوٹہ روڈ اسلام آباد میں مفکرِ اسلام ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر جیلانیؒ کا سالانہ عرس انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ عرس کی تقریبات کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس میں ملک بھر سے جید علماء کرام، مشائخ عظام اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ عرس کی صدارت جانشینِ حضرت، پیر سید علی امام جیلانی نے کی۔ اس موقع پر آستانہ عالیہ گولڑہ شریف کے پیر سید علی جنید الحق شاہ گیلانی، پیر طریقت سید مظہر حسین شاہ گیلانی، آستانہ عالیہ محدث علی پور شریف کے پیر سید منور شاہ جماعتی، پیر طریقت علامہ سید شاہ حسین گردیزی، پیر سید چن پیر بادشاہ گیلانی، علامہ سید ڈاکٹر صداقت شاہ بخاری، پیر طریقت سید ریاض حسین شاہ، علامہ سید طیب شاہ گیلانی، علامہ پیر سید شمس الرحمن مشہدی، پیر سید عظمت حسین شاہ گیلانی، پیر سید شبیر حسین شاہ گیلانی، علامہ سید ساجد شاہ گیلانی، پیر سید جابر شاہ کاظمی، مفتی اشرف چشتی گولڑوی، علامہ ڈاکٹر آصف ہزاروی، قاضی عبدالعزیز چشتی (یوکے)، ڈاکٹر عزیز حیدر قادری، مفتی اکرام اللہ زاہد، مفتی علامہ عبدالقادر قادری (بہاول نگر)، علامہ محمود عباسی اور علامہ امین سیالوی سمیت دیگر علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ علماء و مشائخ نے اپنے خطابات میں مفکرِ اسلام ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر جیلانیؒ کی تقریباً 90 سالہ زندگی پر محیط دینی، علمی اور روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ آپ کی دینی تعلیم و تربیت اور تبلیغی جدوجہد کے اثرات برطانیہ سے پاکستان تک پھیلے ہوئے ہیں۔ مختلف مساجد اور مدارس میں آج بھی آپ کے ہزاروں شاگرد دینِ اسلام کی خدمت اور اشاعتِ علومِ دینیہ میں مصروفِ عمل ہیں۔ مقررین نے بالخصوص عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ کے حوالے سے آپ کی گراں قدر خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی علمی و دینی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ عرس کی تقریب میں مرحوم کی دینی، علمی اور روحانی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور امتِ مسلمہ کی فلاح و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
