راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
Armed forces of Pakistan are always ready to thwart any aggression, Army Chief's speech at the operational base of Pakistan Air Force
— Muhammad noman (@muhammabnoman) January 2, 2024
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فضائیہ آپریشنل بیس پر انڈکشن اینڈ آپریشنلائزیشن کی تقریب کا انعقاد ہوا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ایئر بیس پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال ایئر چیف مارشل نے کیا، آرمی چیف کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب میں پی اے ایف کے نئے شامل کیے گئے ہتھیاروں کے نظام اور دفاعی اثاثوں کی نمائش کی گئی، ایئر چیف نے پاک فضائیہ میں شامل کیے جانے والے نئے ویپن سسٹم پر روشنی ڈالی۔
ایئر چیف مارشل نے بتایا کہ نئے ویپن سسٹم سے ملک کی فضائی، دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، سسٹم میں J-10C لڑاکا طیارے، ایئر موبلٹی پلیٹ فارمز اور جدید ریڈارز شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بغیر پائلٹ کے فضائی نظام، لوئٹرنگ جنگی صلاحیتوں اور لانگ رینج ویکٹرز بھی سسٹم کا حصہ بن گئے، نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے آپریشنلائزیشن سے نئے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت ملی، ایئر چیف نے سائبر اور خلائی ٹیکنالوجیز کے ابھرتے ہوئے ڈومینز میں پیش رفت پر زور دیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جدید ہتھیاروں کی نظام میں شمولیت پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا، آرمی چیف نے خود انحصاری اور انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، آرمی چیف نے غزہ متاثرین کے لیے امدادی سامان بھجوانے میں فضائیہ کے اقدامات کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں، فضائیہ کی جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی جدوجہد قابل تقلید ہے، پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کو مستحکم کر رہی ہے، فضائیہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ ویپن سسٹم کی شمولیت بڑی کامیابی ہے۔