مستقبل پاکستان نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7روپے سے زائد اضافہ مسترد کردیا
حکومت بجلی کے بم گرانا بند کرے،عوام مزید ظلم برداشت نہیں کرسکتی،سید راشد حسین بخاری
اتحادی حکومت عوام کے معاشی مشکلات میں کمی کی بجائے مزید اضافے کا باعث بن رہی ہے:گفتگو
آئی ایم ایف زدہ بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار پر تمام کاروباری طبقات متاثر اور سراپا احتجاج ہیں:نائب صدر
خطہ جنوبی پنجاب شروع دن سے روایتی و موروثی سیاستدانوں کی بدنیتی اور نااہلی کی بھینٹ چڑھتا آرہا ہے
نائب صد ر مستقبل پاکستان سید راشدحسین بخاری نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7روپے 12پیسے فی یونٹ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قوم پر بجلی کے بم گرانا بند کرے یہ نہ ہوکے عوام کی ہمت جواب دے جائے اور انہیں کہیں چھپنے کی جگہ بھی نہ ملے،بنیادی ٹیرف میں سات روپے بارہ پیسے اضافے سے بجلی کے گھریلو صارفین پر 600ارب روپے کا نیا بوجھ ڈالا گیا ہے اور اس اضافے کے بعد گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا فی یونٹ سیلز ٹیکس ملا کر 57روپے 63پیسے تک بڑھ جائے گا،حکومت عوام کے معاشی مشکلات میں کمی کی بجائے مزید اضافے کا باعث بن رہی ہے اب و ہ وقت آن پہنچا ہے کہ قوم کو اپنے حقوق کے حصول آواز بلند کرنا ہوگا اگر اسی طرح خاموش رہی تو آنے والے دنوں میں معاشی مسائل کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی آئی ایم ایف کی غلام میں جو ٹیکسز کی بھرمار کی ہے اس سے عام عوام کے ساتھ تمام کاروباری طبقات نہ صرف متاثر ہوئے ہیں بلکہ سراپا احتجاج بھی ہیں ،عوامی غم و غصے سے لگ یہی رہا ہے کہ اگر موجودہ حکومت نے اپنا طرز حکمرانی نہ بدلا تو زیادہ دیر تک نہیں رہ پائے گی۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ خطہ جنوبی پنجاب شروع دن سے یہاں سے منتخب ہونے والے روایتی و موروثی سیاستدانوں کی نااہلی و بدنیتی کی بھینٹ چڑھتا آرہا ہے اگر یہ لوگ وسیب کے ساتھ مخلص ہوتے تو آج اس قدر محرومی وپسماندگی میں اضافہ نہ دیکھنے میں آ رہا ہوتا۔
