محلہ چوہدریاں، جادہ جہلم میں واسا کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، معمولی بارش نے ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا
جہلم (عبدالرحمن قادری)
محلہ چوہدریاں، جادہ جہلم میں ہونے والی معمولی بارش نے محکمہ واسا کے نکاسیٔ آب کے دعوؤں کی حقیقت کھول کر رکھ دی۔ بارش رکنے کے کئی گھنٹے بعد بھی گلیوں میں پانی، کیچڑ اور دلدل کی صورتحال برقرار رہی، جس کے باعث اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار شکایات کے باوجود نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے ہر بارش کے بعد گلیاں تالاب کا منظر پیش کرتی ہیں۔ پیدل چلنا دشوار ہو چکا ہے جبکہ طلبہ، خواتین، بزرگ شہری اور موٹر سائیکل سواروں کو روزانہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر معمولی بارش کے بعد ہی یہ صورتحال پیدا ہو جاتی ہے تو مون سون کی شدید بارشوں میں عوام کا کیا حال ہوگا؟ واسا کی جانب سے کیے جانے والے ترقیاتی کام اور نکاسیٔ آب کے دعوے آخر کہاں گئے اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر موقع کا دورہ کریں، ذمہ دار افسران سے جواب طلب کریں اور نکاسیٔ آب کے مستقل اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بار بار اس اذیت سے نہ گزرنا پڑے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کا اصل امتحان ایسے مواقع پر ہوتا ہے، اور اگر معمولی بارش بھی گلیوں کو دلدل میں تبدیل کر دے تو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھنا فطری امر ہے۔
