BBC Urdu TV

ماہ ربیع الاول کی خوشیاں ضرور منائیں لیکن اس کا طریقہ اور سلیقہ وہ اپنایا جائے جو آپ ﷺ نے فرمایا

ماہ ربیع الاول کی خوشیاں ضرور منائیں لیکن اس کا طریقہ اور سلیقہ وہ اپنایا جائے جو آپ ﷺ نے فرمایا اور سمجھایا۔اس اظہار محبت میں حلال حرام نہیں ہو سکتا اور حرام حلال نہیں ہو سکتا۔اپنی زندگیوں میں سے شرک کو نکال دیں اور اپنی تمام امیدیں اللہ کریم سے وابستہ رکھیں۔اپنے والدین کے سامنے سرنگوں رہیں اور افلاس کے ڈر سے اپنی اولاد کو قتل نہ کرو۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ عالیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جلسہ بعثت رحمت عالم ﷺ سنانواں کوٹ ادو میں دڑہ ملک غلام محمد نور ربانی کھر مرحوم پر خواتین و حضرات کی بڑی تعداد سے خطاب۔
انہوں نے کہا کہ بہترین طرز حیات اسوہ حسنہ میں ہے۔جب امتی کی بات آئے گی تو امتی ماننے والے کو کہتے ہیں رائے رکھنے والے کو نہیں کہتے۔امتی کی عظمت اتباع سے منسلک ہے اس کی عظمت دعووں سے منسلک نہیں ہے۔کوئی دعوی ثابت نہیں ہو سکتا جب تک اس کے ساتھ شہادت نہ ہو۔ایمان ایک دعوی ہے اور ہمارے اعمال اس کے گواہ ہیں کہ ہمارا دعوی کتنا سچا اور کھرا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیا ہم نے کبھی محسوس کیا کہ میرا اللہ مجھے دیکھ رہا ہے میرا خواتین و حضرات سے ایک سوال ہے کہ کبھی یہ کیفیت بنی کہ میں اپنے اللہ کے روبرو ہوں۔اور یہ ممکن ہے تم دیکھ نہیں سکتے چھو نہیں سکتے لیکن نبی کریم ﷺ فرماتے ہیں اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے تم اللہ کو دیکھ رہے ہو۔یہ درجہ احسان ہے۔تعلیمات محمد الرسول اللہ ﷺ پر عمل کرتے ہوئے کیفیات محمد الرسول اللہ ﷺ سے سینے مزین کریں۔اپنے قلوب کو انوارات ِ محمد الرسول اللہ ﷺ سے دھوئیں۔جو قلب اطہر سے آ رہے ہیں۔اپنے اعمال اپنے افکار ان کو سامنے رکھیں اور معیت باری تعالی کی کیفت کو سامنے رکھیں تو یہ جتنے فتنے ہیں معاشرے کے یہ جو مسائل ہیں درست ہوتے چلے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کی باتیں لوگوں کو آج سمجھ نہیں آ رہی لیکن جب موت کا وقت آئے گا سب سمجھ آ جائے گی۔لیکن پھر فرصت نہ ہو گی۔ملک غلام محمد نور ربانی کھر مرحوم کا یہ صدقہ جاری اللہ کریم قبول فرمائیں۔اللہ ملک رضا ربانی کھر ان کو ان کے خاندان کو ان کے عزیز و اقارب کو اس کا اجر اور ثواب عطا فرمائے۔اللہ کرے ان کے ہونے سے مخلوق خدا کو سکھ ملے۔

Exit mobile version