اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر کام کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی پاکستان میں مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو تفتان سے آئے زائرین سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام افراد مکمل صحت مند ہیں۔ جو زائرین کورونا سے متاثر ہوئے ان کی اکثریت صحتیاب ہو چکی ہے۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت نے سی پیک منصوبوں پر کام کھولنے کا فیصلہ کیا۔ اس کیساتھ ساتھ تعمیراتی انڈسٹری بھی جمعہ 3 اپریل سے کھول دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان انڈسٹری سے متعلق پیکج کا اعلان کریں گے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی معاشی ٹیم کے ساتھ ریلیف پیکج کے خدوخال پر مشاورت مکمل ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں انڈسٹری سے متعلق مزدوروں کی آمدورفت کے لیے صوبوں کو ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
کمیٹی نے جمعہ اور تراویح سے متعلق صوبوں کو ایڈوائزی جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ مقامی انتظامیہ صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کریں گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب کے گھر کاچولہا جلے، اس لیے تعمیراتی انڈسٹری کھول رہے ہیں۔ مزدوروں کا روزگار انڈسٹری سے وابستہ ہے۔ مزدور طبقہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔