
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیمات کو نصاب کا لازمی حصہ بنانے کیلئے دائر درخواست پر چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سیکرٹری مذہبی امور کو منگل کو طلب کر لیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے التمش سعید کی درخواست پر سماعت کی جس میں تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی قرار دینے کے قانون پر عمل درآمد کی استدعا کی گئی۔
دو رکنی بنچ نے متعلقہ حکام کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سیکرٹری مذہبی امور کو طلب کرتے ہو ئے ہدایت کی کہ وہ منگل کو پیش ہوں۔ اپیل میں نشاندہی کی گئی کہ مسلمانوں کے بچوں کو قرآنی تعلیمات دے کر معاشرے کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔