کراچی (سینئر تجزیہ نگار: کاشف شمیم صدیقی)
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اسکیم 33 جیسے تیزی سے ترقی کرتے علاقوں میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کراچی کے بہتر مستقبل کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترقی اور عوامی بھلائی کے وژن کے تحت سندھ حکومت کراچی سمیت صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
وہ اسکیم 33 میں کے ڈی اے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے تحت مکمل ہونے والے مدراس روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) سید زین العابدین انصاری، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر رؤف احمد ناگوری، سرکاری افسران، مقامی رہنما، ٹاؤن چیئرمین، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شعبۂ صحافت سے وابستہ شخصیات بھی شامل تھیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی اصل کامیابی اس وقت ہوتی ہے جب اس کے ثمرات براہ راست شہریوں تک پہنچیں اور لوگوں کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے جو شہر کی موجودہ ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھیں۔ اس حوالے سے انہوں نے کے ڈی اے کے انجینئرز اور افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے تحت مدراس روڈ جون 2027 میں مکمل ہونا تھا، تاہم اس کی قبل از وقت تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ فنی مہارت، مسلسل نگرانی اور ذمہ داری کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکتا ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ اسکیم 33 کراچی کا ایک اہم ترقی پذیر علاقہ ہے جہاں آبادی اور شہری سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس لیے سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے۔ مدراس روڈ کی تکمیل سے علاقے کے مکینوں اور روزانہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی واضح ہدایت اور وژن ہے کہ شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کو محنت، دیانت اور ذمہ داری کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ اسی وژن کے تحت سندھ، بالخصوص کراچی میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو عملی ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نمائندوں نے کراچی کے گلی کوچوں میں شہریوں سے جو وعدے کیے تھے، انہیں تیزی سے پورا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیکڑوں چھوٹی اور بڑی شاہراہوں پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔
میئر نے کہا کہ سڑکوں اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بہتری سے نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی بلکہ کراچی کی مجموعی ترقی اور معاشی سرگرمیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
کے ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل سید زین العابدین انصاری نے بتایا کہ مدراس روڈ منصوبے کی مجموعی منظور شدہ لاگت 342.390 ملین روپے ہے۔ منصوبے پر کام کا آغاز 5 مارچ 2026 کو ہوا، جبکہ اس کا افتتاح 8 اکتوبر 2026 کو کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تعمیر و بحالی کے بعد. روڈ کی مجموعی لمبائی 900 میٹر ہے اور یہ ڈوئل کیریج وے پر مشتمل ہے، جبکہ سڑک کی چوڑائی 11.2 میٹر ہے۔ منصوبے میں سڑک کی تعمیر و بحالی کے ساتھ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے 625 میٹر طویل اسٹورم واٹر لائن بھی تعمیر کی گئی ہے، جس میں 24 انچ قطر کے پائپ استعمال کیے گئے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر وزیر بلدیات سندھ نے ڈی جی کے ڈی اے سید زین العابدین انصاری اور انجینئرنگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت سے قبل منصوبے کی تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ ادارے باہمی تعاون، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں تو کراچی میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جاسکتا ہے۔
