*فہیم شہید پارک کا سنگ بنیاد رکھا گیا
نارتھ ناظم آباد میں عوامی تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے بڑے اقدامات*
کراچی (رپورٹ : جاوید صدیقی) نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین عاطف علی خان نے بلاک ایل، نارتھ ناظم آباد میں فہیم شہید پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ٹاؤن انتظامیہ، مقامی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیئرمین عاطف علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، "گزشتہ حکومتوں کے دوران پارکس کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو معیاری تفریحی مقامات سے محروم رکھا گیا۔ لیکن ہماری ترجیح ہے کہ ان پارکس کو فیملی پارکس میں تبدیل کر کے شہریوں کے لیے ایک بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کا عزم ہے کہ نارتھ ناظم آباد کے ہر علاقے میں معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں۔ پارکس کی بحالی اور ترقیاتی منصوبے عوام کے تعاون سے جلد مکمل کیے جائیں گے۔ تقریب سے وائس چیئرمین ضیاء الدین جامعی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا، "پارکس اور دیگر عوامی مقامات کی بہتری نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی اولین ترجیح ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ناصرف پارکس کو بحال کیا جائے بلکہ ان میں وہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں جو شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائیں۔ جلد ہی ہم نارتھ ناظم آباد میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد کریں گے جو نہ صرف عوام کیلئے خوشی کا باعث بنے گی بلکہ علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گی۔” یو سی چیئرمین فیصل نسیم نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا، "فہیم شہید پارک کا سنگ بنیاد ایک اہم پیش رفت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے دیگر پارکس بھی جلد مکمل بحال ہوں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف عوام کو تفریحی مواقع ملیں گے بلکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینے میں بھی مدد ملے گی۔” تقریب کے دوران چیئرمین عاطف علی خان نے کہا کہ عوام کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا جائے گا تاکہ ہر منصوبہ عوامی ضرورت اور خواہشات کیمطابق مکمل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف شروعات ہے، آنے والے دنوں میں ایسے مزید منصوبے شروع کئے جائیں گے جو عوامی بہبود کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں۔ فہیم شہید پارک کے سنگ بنیاد کی تقریب نارتھ ناظم آباد ٹاؤن انتظامیہ کے عوامی خدمت کے جذبے کی ایک اور مثال ہے۔ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایسے منصوبے جاری رہیں گے
