غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری مزید 125 فلسطینی شہید۔
اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد 82 ہو گئی ہے۔بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس
فلسطین(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری، اسرائیلی فوج کی رہائشی علاقوں پر بمباری میں مصری میڈیا کے صحافی اور مواصلاتی کمپنی کے دو ملازمین سمیت مزید 125 فلسطینی شہید جب کہ 265 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کی تصدیق شدہ رپورٹ کے مطابق اس کے صحافی یزان الزاویدی غزہ میں صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد 82 ہو گئی ہے جن میں 75 فلسطینی صحافی بھی شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق غزہ میں مواصلاتی نظام کا بلیک آؤٹ بدستور جاری ہے، مواصلاتی اور انٹرنیٹ خدمات دو روز سے معطل ہیں۔واضح رہے کہ ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، چھاپوں کے دوران مزید 5 فلسطینی نوجوان شہید، گزشتہ 100 دنوں میں صہیونی فوج کے ہاتھوں 5 ہزار 875 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔
