اسلام آباد: حکومت نے 8 مئی سے 16 مئی تک تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عید تعطیلات کے دوران بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔
این سی او سی کی ہدایت پر وزارت داخلہ کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق عید کی چھٹیوں میں سیاحتی مقامات، پبلک پارکس، ہوٹلز بند رہیں گے۔ صرف گلگت بلتستان کے شہریوں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔ شمالی علاقہ جات، مری، سوات، گلیات، سی ویو جانے والے راستے بند رہیں گے۔
اعتکاف، شب قدر، نماز عید سے متعلق ایس او پیز بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عید تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 142 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 329 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 4 ہزار 939 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 770 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 93 ہزار 468، سندھ میں 2 لاکھ 79 ہزار 272، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 14 ہزار 661، بلوچستان میں 21 ہزار 803، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 272، اسلام آباد میں 73 ہزار 804 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 659 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 16 لاکھ 32 ہزار 913 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 981 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 99 ہزار 816 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 75 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 142 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 329 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 97، سندھ میں 4 ہزار 605، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 156، اسلام آباد میں 670، بلوچستان میں 232، گلگت بلتستان میں 105 اور آزاد کشمیر میں 464 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔