BBC Urdu TV

عنوان: بے روزگار صحافیوں کے لیے پی ایف یو جے کا عملی لائحہ عمل کہاں ہے؟

*عنوان: بے روزگار صحافیوں کے لیے پی ایف یو جے کا عملی لائحہ عمل کہاں ہے؟*

*تحریر: جاوید صدیقی*

بے روزگار صحافیوں کے لیے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے آخر اب تک کیا عملی لائحہ عمل تیار کیا ہے؟ کیا صحافی برادری کو ہر بار محض دلاسوں، یقین دہانیوں اور وعدوں کے سہارے ہی چھوڑ دیا جائے گا؟ یہ ایک ایسا بنیادی اور سنگین سوال ہے جس کا جواب اب زبانی بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے دینا ہوگا۔ پاکستان میں صحافت کا شعبہ گزشتہ کئی برسوں سے شدید معاشی بحران، ادارہ جاتی تنزلی، میڈیا ہاؤسز کی ڈاؤن سائزنگ، جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ ہزاروں صحافی اپنی ملازمتوں سے محروم ہوچکے ہیں، جبکہ ان کے اہل خانہ معاشی پریشانیوں، عدم تحفظ اور ذہنی اذیت کا سامنا کررہے ہیں۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ صحافیوں کے حقوق کی علمبردار تنظیمیں احتجاج، جلسے، جلوس اور مذمتی بیانات تک محدود دکھائی دیتی ہیں، مگر بے روزگار صحافیوں کی بحالی اور معاشی تحفظ کے لیے کوئی ایسا پائیدار نظام سامنے نہیں آتا جس کے نتائج واضح ہوں۔ میرا سوال پی ایف یو جے کی قیادت اور تمام متعلقہ صحافتی تنظیموں سے ہے کہ آخر بے روزگار صحافیوں کے لیے کوئی جامع، قابلِ عمل اور مستقل منصوبہ بندی کیوں نہیں کی جاتی؟ کیا صرف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی جلسہ منعقد کرنا یا احتجاجی کیمپ لگانا اس سنگین مسئلے کا حل ہے؟ یقیناً احتجاج جمہوری اور آئینی حق ہے، لیکن جب مسلسل احتجاج کے باوجود بے روزگار صحافیوں کے حالات تبدیل نہیں ہوتے تو پھر حکمت عملی پر نظرثانی ناگزیر ہوجاتی ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ صحافی برادری محض احتجاجی سرگرمیوں سے آگے بڑھ کر ایک مضبوط، منظم اور پائیدار عملی جدوجہد کا آغاز کرے۔ پی ایف یو جے کو باقاعدہ ایک ایسا لائحہ عمل پیش کرنا ہوگا جس میں درج ذیل اقدامات شامل ہوں:
*بے روزگار صحافیوں کا قومی ڈیٹا بینک:*
ملک بھر میں ملازمت سے محروم صحافیوں کی مستند رجسٹریشن، ان کے تجربے، مہارت اور سابقہ اداروں کی تفصیلات جمع کی جائیں۔
*ایمرجنسی مالی امدادی فنڈ:*
بے روزگار اور معاشی مشکلات کا شکار صحافیوں کے لیے شفاف قومی فنڈ قائم کیا جائے، جس میں صحافتی اداروں، مخیر حضرات اور دیگر ذرائع سے تعاون حاصل کیا جائے۔
*قانونی جدوجہد:*
غیر قانونی برطرفیوں، واجبات کی عدم ادائیگی، بقایاجات اور ملازمت کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر قانونی معاونت فراہم کی جائے۔
*روزگار کی بحالی کا پروگرام:*
میڈیا ہاؤسز، ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارمز اور دیگر اداروں سے مذاکرات کرکے تجربہ کار اور بے روزگار صحافیوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔
*سوشل سکیورٹی اور انشورنس:*
صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے صحت، حادثاتی تحفظ اور بنیادی معاشی معاونت کا نظام وضع کیا جائے۔
*قومی سطح پر مشترکہ حکمت عملی:*
پی ایف یو جے، تمام متعلقہ یونینز، پریس کلبز اور صحافتی تنظیموں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لاکر متفقہ جدوجہد کی جائے۔
*کارکردگی اور احتساب:*
پی ایف یو جے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں واضح کرے کہ کتنے بے روزگار صحافیوں کی بحالی ہوئی، کتنے افراد کو مالی معاونت ملی اور ان کے حقوق کے لیے کیا عملی کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ صحافی برادری کو اب خود بھی اپنی تنظیموں سے جواب طلب کرنا ہوگا۔ تنظیمیں افراد یا عہدوں کی جاگیر نہیں ہوتیں بلکہ یہ اپنے ممبران اور پوری صحافتی برادری کے حقوق، تحفظ اور اجتماعی مفادات کی امین ہوتی ہیں۔
*بہت ہوگئے احتجاج، جلسے، جلوس اور احتجاجی کیمپ!*
اب صحافیوں کو صرف نعروں اور یقین دہانیوں کی نہیں بلکہ روزگار، معاشی تحفظ اور باعزت زندگی کے مواقع کی ضرورت ہے۔ کسی صحافی کے گھر کا چولہا محض احتجاجی تقریروں سے نہیں جل سکتا اور نہ ہی اس کے بچوں کی تعلیم، علاج معالجے اور گھریلو اخراجات دلاسوں سے پورے ہوسکتے ہیں۔ پی ایف یو جے کی قیادت کو یہ حقیقت سمجھنا ہوگی کہ اگر آج بے روزگار صحافیوں کے لیے کوئی مضبوط، پختہ اور پائیدار عملی حکمت عملی اختیار نہ کی گئی تو صحافی برادری کا اعتماد مزید متزلزل ہوگا اور تنظیمی کارکردگی کے حوالے سے مایوسی میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ اب وقت محض احتجاج کا نہیں، عملی نتائج دکھانے کا ہے۔ صحافیوں کو وعدے نہیں، روزگار اور تحفظ چاہیے۔ آزادیٔ صحافت زندہ باد، صحافی اتحاد پائندہ باد۔

Exit mobile version