BBC Urdu TV

علاقہ مکینوں نے SSWMB کے خلاف احتجاج کی کال دے دی

کراچی (بیورو رپورٹ) : کورنگی نمبر 6 کے عبدالقادر جیلانی روڈ کے مکینوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (SSWMB) کو کچرے کے غیرمناسب پوائنٹس ختم کرنے اور صفائی کے مؤثر انتظامات کے لیے ایک ہفتے کی حتمی مہلت دے دی، بصورت دیگر پُرامن احتجاج کی کال دینے کا اعلان کیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق کاسم سویٹس سے جمعہ گوٹھ تک عبدالقادر جیلانی روڈ ایک اہم شاہراہ ہے، جہاں اسکول، کالج، ڈسپنسری اور دیگر عوامی مقامات موجود ہیں، تاہم مختلف مقامات پر کچرے کی کنڈیاں اور مسلسل جمع ہونے والا کچرا شاہراہ کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے حوالے سے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو متعدد مرتبہ مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے آگاہ کیا جا چکا ہے اور یاددہانی بھی کرائی گئی، تاہم تاحال مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر عبدالقادر جیلانی روڈ پر قائم تمام غیرمناسب کچرا پوائنٹس ختم کیے جائیں، مکمل صفائی کرائی جائے، مناسب مقامات پر ڈسٹ بنز نصب کیے جائیں اور صفائی کا مستقل نظام یقینی بنایا جائے۔

مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں عملی اقدامات نہ کیے گئے تو وہ اپنے جمہوری اور پُرامن احتجاج کے حق کو استعمال کرتے ہوئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے خلاف احتجاج کریں گے۔ مکینوں کے مطابق احتجاج کے دوران SSWMB کی گاڑیوں کی آمدورفت کے خلاف علامتی راستہ روکنے کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ احتجاج کا مقصد کسی قسم کی بدامنی یا تصادم نہیں بلکہ متعلقہ ادارے کی توجہ ایک دیرینہ عوامی مسئلے کی جانب مبذول کرانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر SSWMB ایک ہفتے کے اندر صفائی اور کچرا اٹھانے کے مؤثر انتظامات کر دے تو احتجاج کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

مکینوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عبدالقادر جیلانی روڈ کو کچرے کے پوائنٹس سے پاک کیا جائے اور مستقل بنیادوں پر صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے۔

Exit mobile version