عقیدہ ختم نبوت ؐ ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے:سید راشد حسین بخاری
اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کیخلاف سازشیں کررہی ہیں انہیں منہ توڑ جواب دینا ہوگا:خطاب
فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے اسلامی ممالک سربراہان فوری کردار ادا کریں:نائب صدر
مسلمانو ں کے آپس میں لاکھ اختلافات ہی کیوں نہ ہو مگرناموس رسالت ؐپر حملے کو برداشت نہیں کریں گے
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے سالانہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے،اسلام دشمن قوتیں شروع دن سے مسلمانوں کے خلاف برسر پیکار چلا آرہی ہیں ان کو منہ تو ڑ جواب دینے کیلئے ضروری ہے کہ مسلم امہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر آگے بڑھے اگر مسلمان اسی طرح مختلف ٹکڑوں میں بٹے رہے اور اپنے مسلمان بھائیوں پرہونے والی ظلم و زیادتی پر خاموش رہے تو کوئی بھی محفوظ نہیں رہ پائے گا،دنیا وآخرت کی کامیابی دین اسلام میں ہے اور ختم نبوت ہمارا ایمان ہے، ختم نبوت کے خلاف سازشیں کرنے والے کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے،فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و ستم کے پہاڑ ڈہائے جارہے ہیں اسلامی ممالک سربراہان کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے اگر یہ لوگ ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے بھارت اور اسرائیل کیخلاف دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے دباؤ بڑھائیں تو دنیا کی کوئی بھی طاقت کشمیر یوں اور فلسطینیوں کو آزاد ہونے سے نہیں روک پائے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش مسائل کی بنیادی وجہ اسلامی تعلیمات کو پس پشت ڈالنے کا نتیجہ ہے اگر مسلمان احکامات الہیہ پر عمل کرنا شروع کردیں تو سب کچھ اپنے آپ ٹھیک ہوجائے گا۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ خلفاء راشدین کے دور سے ختم نبوت کے منکرین سازشیں کرتے آرہے ہیں مگر ہر بار انہیں منہ کی کھانی پڑی ہے،مسلمانوں کے آپس میں لاکھ اختلافات ہی کیوں نہ ہو مگر جب بات خاتم النبین حضرت محمدؐ کی ناموس کی آتی ہے تو وہ متحد ہوجاتے ہیں،اس حوالے سے اسلام دشمن قوتوں کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوپائے گی بلکہ انہیں ہر طرف سے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ہمیں ختم نبوت کی گولڈن جوبلی مناتے ہوئے عہد کرنا چاہیے کہ ہم اسلاف کی کاوشوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
میڈیا سیل مستقبل پاکستان
08-09-2024
