ضلع جہلم سے 15 نومبر کو آل پاکستان اہل حدیث میں ایک بڑا قافلہ شرکت کرے گا۔ حافظ عبدالحمید عامر
تحفظ حرمین شریفین سے متعلق کانفرنس میںزعمائے جماعت فکر انگیز خطابات کریں گے۔حافظ عبدالغفور مدنی
جہلم (نامہ نگار): جامعہ علوم اثریہ کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر کے شارٹ نوٹس پرجامعہ علوم اثریہ میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث جہلم شہر کے اراکین سے بھرپور شرکت کی، حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے صدارتی خطاب میں عالم کفر اور اندرونی دشمنوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سرزمین عالم اسلام کے لیے وہ آخری ریڈ لائن ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، کیونکہ اس مقدس دھرتی کا دفاع ہمارے ایمان کا جزوِ لاینفک ہے اور حرمین شریفین پر دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ماضی کی طرح ہمیشہ خاک میں ملا دیا جائے گا، نیز انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کے قلوب و اذہان میں یہ شعور اُجاگر کرنا ہوگا کہ اسلام کو جس طرح بیرونی فتنوں اور سازشوں کا سامنا ہے، بالکل اسی طرح آستین کے سانپوں اور اندرونی دشمنوں سے بھی شدید خطرہ لاحق ہے جن کی فتنہ انگیزیوں سے آگاہی حاصل کرنا ہمارے لیے از بس ضروری ہو چکا ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تحفظ حرمین شریفین سے متعلق تحریک بیداری کے لیے 15 نومبر کو لاہور مینار پاکستان میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی قیادت نے جو آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ،اس میں ان شاء اللہ ضلع جہلم سے ایک بڑا قافلہ روانہ ہوگا۔اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے جنرل سیکرٹری حافظ عبدالغفور مدنی نے کہا کہ مینار پاکستان لاہور میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ایک بڑا پاور شو کرنے جا رہی ہے اور اس میں عالمی حالات خصوصا تحفظ حرمین شریفین سے متعلق زعمائے جماعت فکر انگیز خطابات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دعوتی مہم کے لیے میں پاکستان کے کئی اضلاع میں دورے کر چکا ہوں، اس دفعہ لوگوں میں کانفرنس کو لے نہایت خوش آئند جذبات پائے جاتے ہیں اور ان شاء اللہ اہل حدیث پاکستان میں اپنی قوت منوانے کے لیے جوق در جوق 15 نومبر کو لاہور کا رخ کریں گے۔ اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان کے صدر حافظ عمر عبدالحمید نے کہا کہ اہل حدیث کا بچہ بچہ تحفظ حرمین شریفین کی جنگ لڑنے کو تیار ہے اور ہم 15 نومبر کو عملی حوالے سے ثابت کریں گے کہ ہم مکہ و مدینہ کے لیے اپنا تن من دھن نثار کردیں گے اور مکار دشمن کے ناپاک خوابوں کو کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیں گے۔ جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی نے کہا کہ سعودی عرب سے ہماری محبت خالصتاً دینی بنیادوں پر ہے، ہم ہر جگہ اس کا برملا اظہار کرتے ہیں۔ تاریخ کا ایک منصف مزاج طالب علم جانتا ہے کہ پاکستان کی ہر مشکل وقت میں جو مدد سعودی عرب نے کی ہے، وہ دنیا کے کسی ملک نے نہیں کی۔ وہ سرزمین توحید ہے اور عالم اسلام میں احیائے سنت کا پرچم تھامے ہوئے ہے، ان خوبیوں کے سبب ہم سعودی عرب کا ہر پلیٹ فارم پر دفاع کریں گے۔ اجلاس میں جہلم شہر سے اراکین نے بڑی تعداد نے شرکت کی اور سب نے بڑے عزم کا اظہار کیا کہ 15 نومبر کو منعقد ہونے والی کانفرنس میں سب بھرپور شرکت کریں گے ۔
