جہلم۔ ضلعی انتظامیہ جہلم کلین اینڈ گرین مہم پنجاب کے تحت ضلع بھر میں اہداف کے مطابق کام کر رہی ہے ، سرکاری اداروں، ہسپتالوں، سکولوں، کالجوں سمیت چاروں تحصیلوں اور دیہاتوں میں صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تجاوزات کا خاتمہ ، پودے لگانے سمیت دیگر اقدامات کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروے کار لا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے سول ہسپتال جہلم میں اتوار کے روز کلین اینڈ گرین مہم پنجاب کے تحت پودا لگانے اور ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو سراہتے ہوئے کیا ہے ۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق بنگش، سماجی کارکن فرخت ضیاء کمال اور دیگر افسران موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ سول ہسپتال کے تمام وارڈز سمیت بالکنی،ایمرجنسی، پارکنگ، لان اور دیگر جگہوں کی صفائی کی گئی ہے ۔
انہوں نے ہسپتال کے سبزار میں پودا لگانے کے بعد ایم ایس روم میں انکی اور سی ای او ہیلتھ کی جانب سے پنجاب بھر میں دوسری پوزیشن لینے پر کیک کاٹا، اور صفائی ستھرائی کے معیار کو قائم رکھنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں انہوں نے سماجی کارکن فرخت ضیاء کے ہمراہ جادہ چوک میں کلین اینڈ گرین مہم پنجاب کے تحت اڑھیال کے مونامنٹ بنانے کے حوالے سے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور بتایا ہے کہ جادہ چوک جہلم میں قائم ویگن اسٹینڈ پرمسافروں کے لئے سایہ دار شیڈ بھی بنایا جا رہا ہے۔