صوبہ سندھ میں نویں سے بارہویں تک تمام مضامین میں فیل بچے پاس
کراچی: صوبہ سندھ میں نویں سے بارہویں تک تمام مضامین میں فیل بچوں کو بھی پاس قرار دیدیا گیا ہے، دسویں جماعت کے طلبہ نویں کے نتیجے پر آگے جائیں گے جبکہ دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو تین فیصد مزید نمبرز دیکر پروموٹ کیا جائیگا۔
اس بات کا اعلان وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر یقینی صورتحال سے بچنے کیلئے طلبہ کو پاسنگ مارکس دے کر پاس کر رہے ہیں۔ تمام طلبہ بغیر کسی تفریق کے اگلی جماعتوں میں پرموٹ ہو جائیں گے۔ پرائیویٹ طلبہ کے لیے بھی اسی فارمولے پر عمل کیا جائے گا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ دسویں جماعت میں پڑھنے والے بچوں کا ریکار ڈ موجود ہے، انھیں نویں جماعت کے نمبروں پر پاس کریں گے جبکہ 11ویں جماعت کے طالبعلموں کو 12ویں جماعت میں پرموٹ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نویں سے 12ویں کے امتحانات پر سٹیئرنگ کمیٹی نے سفارشات طے کیں۔ دسویں اور 12ویں جماعت کے طلبہ کو 3 فیصد مزید نمبرز دیکر پروموٹ کیا جائیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ 10ویں جماعت کے طلبہ کو 9ویں جماعت کے نتیجے پر پروموٹ کیا جائیگا۔ یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ اگلے تین ماہ میں امتحانات ہوں گے یا نہیں؟ سعید غنی کا کہنا تھا کہ سٹیئرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام پرچوں میں فیل ہونے والے طلبہ کو بھی پاس کر دیا جائے گا۔