*صوبائی خومختاری کے لبادے میں لپٹے اِس دھاندلی زدہ نظام کو ختم کر کے بلدیاتی اداروں، مقامی حکومتوں کو بھی مکمل وسائل اور اختیارات ملنے چاہئیں، ڈاکٹر فاروق ستار*
*ایم کیو ایم پاکستان ملک میں ایک ایسا بڑا اتحاد قائم کرنا چاہتی ہے جو عام لوگوں کی سیاسی لوگوں سے بیزاری اور اس شہر پر موروثی سیاست کے ذریعے قبضہ کرنے والوں کا خاتمہ کرے،ڈاکٹر فاروق ستار*
*ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی اور اراکینِ رابطہ کمیٹی کے ہمراہ سُنّی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، علامہ بلال قادری و دیگر سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات*
کراچی : (رپورٹ:عاصم ارائیں جہلمی)
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے *سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار* نے *ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی* اور اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ سُنّی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، علامہ بلال قادری و دیگر سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، مُلاقات میں پاکستان بالخصوص سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ عام انتخابات کی حکمتِ عملی کے اُمور زیرِ بحث آئے، بعد ازاں ذرائع ابلاغ نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے *ڈاکٹر فاروق ستار* کا کہنا تھا کہ مّلک کے وسیع تر مفاد میں ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے آئیں ہیں ہمارے آج یہاں آنے کا مقصد سندھ کی محکوم عوام کو موروثی اور وڈیرانہ طرز کی سیاست سے نجات دلانے کے لئے چھوٹی بڑی تمام سیاسی و مذہبی اکائیوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا اور مشترکہ کوششیں کرکے ہر اُس فرد کو سیاسی عمل میں شامل کرنا ہے جو ناقص اور چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال جمہوری نظام کی وجہ سے میدانِ سیاست سے دُور ہو گیا ہے، ہم نے آج مردم شُماری سمیت ضلعی خودمختاری کے حوالے سے پیش کی جانے والی آئینی ترامیم کے مسودے پر سُنّی تحریک کے رہنماؤں کو ایم کیو ایم کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا ہے، ہم دو دو اراکین کی مشترکہ کمیٹی بنائیں گے جو باہمی مشاورت کے لئے آپس میں رابطے رکھے گی، ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک میں ایک ایسا بڑا اتحاد قائم کرنا چاہتی جو عام لوگوں کی سیاسی لوگوں سے بیزاری اور اس شہر پر موروثی سیاست کے ذریعے قبضہ کرنے والوں کا خاتمہ کرے تاکہ شہریوں کو مہنگائی بیروزگاری سے نجات سمیت اختیارات و وسائل اُن کی دہلیز پر پہنچانے کے لئے کارگر ثابت ہو، اُن کا مزید کہنا تھا کہ کراچی چلتا ہے تو پورا پاکستان پلتا ہے چار ہزار ارب سے زائد محصولات کی مد میں کراچی کما کر دیتا ہے بدلے میں چالیس ارب کی خیرات دی جاتی ہے وہ بھی اقرباء پروری اور کرپشن کی نظر ہو جاتی ہے، ایم کیو ایم تواتر سے یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ صوبائی خومختاری کے لبادے میں لپٹے اِس دھاندلی زدہ نظام کو ختم کر کے بلدیاتی اداروں مقامی حکومتوں کو بھی مکمل وسائل اور اختیارات ملنے چاہئیں۔ اِس موقع پر اُن کے ہمراہ انچارج سی او سی فرقان اطیب بھی موجود تھے
