بیجنگ: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی اس تاریخی ملاقات میں پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
تفصیل کے مطابق دورہ چین پر گئے پاکستانی صدر مملکت جناب ڈاکٹر عارف علوی کی ہم منصب شی جن پنگ کیساتھ اہم اور تاریخی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم کیا گیا۔ اس ملاقات میں خطے کی صورتحال خصوصا کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کی روک تھام پر خصوصی بات چیت بھی کی گئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
اس سے قبل صدر مملکت نے چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ سے بھی ملاقات کی اور کرونا وائرس کے خلاف چین کے ساتھ مکمل یکجہتی اور پاکستان کی جانب سے حمایت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات بیجنگ کے گریٹ ہال میں ہوئی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوست اور آہنی برادرز ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور مفید تعاون پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین نے دنیا کو بتایا ہے کہ وہ بقائے باہمی اور عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں چین کا ساتھ دیا ہے اور کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے چیلنج میں بھی اس کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چین نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ اس موقع پر چینی وزیراعظم نے صدر مملکت اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی وبا پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی حکومت نے چین کے لئے اظہار ہمدردی کے پیغامات بھیجے اور وبا پھوٹنے کے فوری بعد پاکستان نے چین کو طبی امداد فراہم کی۔ ہم چین میں پاکستان کے خیر سگالی کے جذبے پر شکر گزار ہیں۔
چینی وزیراعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں بھی اب کرونا وائرس کے کچھ کیسز ظاہر ہوئے ہیں جن کے پیش نظر حکومت پاکستان اقدامات کر رہی ہے۔ ہمیں ایسے چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لئے اپنے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
لی کی چیانگ نے کہا کہ ہم اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انسانیت کو درپیش اس چیلنج کے پیش نظر بین الاقوامی تعاون بہت اہم ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر، چین کے وزیر خارجہ، چین میں پاکستانی سفیر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔