*شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کی خدمت میں اردو لغت (تاریخی اصول پر ) کی نستعلیق اشاعت کا نسخہ اور ڈاکٹر راشد حمید کی تالیف پیش*
*اردو کی خدمت پر مامور ادارے کی کارکردگی پر مفتی محمد تقی عثمانی کی جانب سے خوشی کا اظہار*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محترم اورنگ زیب خان کھچی نے کچھ عرصہ قبل تاشقند میں منعقدہ اسلامی تہذیب پر پہلی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے ازبکستان کا دورہ کیا، اس سفر میں ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر بھی پاکستان کی نمائندگی کے لیے آپ کے ہمراہ تھے۔ اس کانفرنس کا موضوع” امن کا راستہ، رواداری اور روشن خیالی” تھا۔کانفرنس کے دوران عشائیے میں شریک ایک وفد نے مفتی داغستان شیخ احمد بن محمد عبد اللہ کی عربی تالیف ” ریاض اخلاق الصالحین” پاکستان کے معروف عالم و فقیہ، سابق جسٹس پاکستان مفتی محمد تقی عثمانی (ہلال امتیاز و ستارہ امتیاز ) کی خدمت میں پیش کرنے کے لیے دستخط کے ساتھ عنایت کی۔ پاکستان لوٹنے پر یہ کتاب مفتی محمد تقی عثمانی کی خدمت میں پیش کرنے کی ذمے داری کراچی میں اردو لغت بورڈ (فیلڈ دفتر ادارہ فروغ قومی زبان) کے انچارج محمد طارق بن آزاد کے سپرد کی گئی۔ اس سلسلے میں پاکستان کے صف اول کے چینلز کے لیے مذہبی نشریات کے لیے مشہور پروڈیوسر، معروف قلم کار اور سیرت کے محقق عمران حبیب کی وساطت سے اور ان کے ہمراہ وزیر اورنگ زیب خان کھچی اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کے حکم پر انچارج اردو لغت بورڈ کراچی نے دارالعلوم کراچی میں مفتی محمد تقی عثمانی سے ملاقات کی اور انھیں مفتی داغستان کی تالیف پیش کی۔ کتاب وصول کرتے ہوئے مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے بیرون ملک سفر کے دوران ان کی مہمان نوازی اور حسن سلوک یاد کرتے ہوئے گرم جوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر محمد طارق بن آزاد نے مفتی تقی عثمانی کی خدمت میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے ماتحت اداروں کا تعارف پیش کرنے کے ساتھ خاص طور پر اردو لغت بورڈ کی کارکردگی اور خدمات سے آگاہ کیا اور ادارے کے زیر اہتمام اردو لغت (تاریخی اصول پر) کی نستعلیق اشاعت کا نسخہ بھی پیش کیا۔ مفتی محمد تقی عثمانی نے اردو کی خد مت پر مامور قومی ادارے کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا اور تجویز پیش کی کہ ادارے کی جانب سے لغت نویسی کے ساتھ عصری اسلوب پر نئی نسل کو اردو الفاظ کے تلفظ اور معانی سے آگاہ کرنے کے لیے کوئی مستقل سلسلہ بھی شروع کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے مزید فرمایا کی اردو زبان میں ہمارا علمی اور اسلامی تہذیب ثقافت کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے جو اب فارسی سے بھی بڑھ گیا ہے اور لوگوں کا اردو سے تعلق کمزور ہونا اس تہذیبی و ثقافتی ورثے سے محرومی کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے اردو زبان کی خدمت اس نیت سے بھی کرنی چاہیے کہ اردو زبان لوگوں کو اسلامی علمی اور تہذیبی ورثے سے متعارف کروانے کا سبب بنے گی۔ ملاقات میں ادارہ فروغ قومی زبان کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد حمید کی نو طبع شدہ تالیف "تصورات تاریخ اور اقبال” بھی مفتی تقی عثمانی کی خدمت میں پیش کی گئی جبکہ مفتی عثمانی نے اردو لغت بورڈ کراچی کے کتب خانے کے لیے اپنی زیر طبع تفسیر "توضیح القرآن، آسان تفسیر قرآن” کی سات جلدیں بھی عطا فرمائیں، انھوں نے ادارے کے جملہ وابستگان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعاوں سے نوازا۔
