اہم خبریںپاکستان

شہباز شریف احتساب سے فرار چاہتے ہیں، اس بار بھاگنے نہیں دیں گے: شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سنگین کرپشن الزامات پر جواب کے بجائے نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا گیا، شہباز شریف احتساب سے فرار چاہتے ہیں، اس مرتبہ بھاگنے نہیں دیں گے، لیگی صدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ چینی سکینڈل کا فیصلہ ضرور ہوگا، اگلی منگل تک اس کی رپورٹ مل جائے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوگر، ادویات سکینڈلز اور شہباز شریف کے معاملے میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔

میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس کے دوران ماضی میں کی گئی غیر قانونی بھرتیوں پر رپورٹ دی گئی جبکہ رپورٹ نہ دینے والی وزارتوں کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔

شبلی فراز نے بتایا کہ وزیراعظم نے عیدالفطر سے قبل میڈیا واجبات ادا کرنیکی ہدایت کی جبکہ ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے قانونی معاملات 30 جون تک حل کر لیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اسلام آباد ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ ارکان اور ایل او سی پر بسنے والے شہریوں کیلئے خصوصی پیکج کی منظوری دی گئی جبکہ زرعی شعبے کو 50 ارب روپے کا پیکج دیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے خاندان پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن انہوں نے جواب دینے کے بجائے الیکشن کا مطالبہ کر دیا ہے۔ کسی بھی ملک کے حالات اب وہ نہیں جو کورونا سے پہلے تھے، اب جبکہ پوری قوم کورونا سے لڑ رہی ہے ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے نزدیک سیاست اقتدار کا نام ہے۔ شہباز شریف قوم کو مزید دھوکا نہیں دے سکتے۔ پاکستانی عوام نے 2018ء میں بھی انھیں مسترد کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے۔ انھیں اب ملک سے باہر نہیں جانے دیں گے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact : +92 300 5441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You