اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان منگل کو شنگھائی تعاون تنظیم کونسل کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت اور اہم امور پر خطاب کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا 20 واں سربراہ اجلاس منگل کو ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ شریک سربراہان مملکت کے ساتھ بات چیت بھی ہوگی۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور ایس سی او کے سیکرٹری جنرل کے علاوہ ایس سی او کے 8 ممبر ممالک اور 4 آبزرور ریاستوں کے رہنما شرکت کریں گے۔
20 ویں شنگھائی تعاون تنظیم 16 دستاویزات اپنائے گی جس میں ماسکو اعلامیہ بھی شامل ہے۔ اس میں ممبر ممالک کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر موقف کی عکاسی ہوتی ہے۔
پاکستان کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کی موجودہ رکنیت میں چین، روس، ہندوستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اہم مقاصد میں رکن ممالک کے مابین باہمی اعتماد اور خوشگوار دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو مستحکم کرنا اور سیاسی، ثقافت، تجارت اور معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی، تعلیم، توانائی، نقل وحمل، سیاحت، ماحولیاتی تحفظ اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔
ممبر ممالک کے ساتھ ہمارے گہرے جڑوں والے تاریخی اور ثقافتی روابط کو مزید تقویت دینے، ان تعلقات کو ایک مستحکم معاشی بنیاد فراہم کرنے اور علاقائی تجارت اور راہداری کے طور پر پاکستان کو فروغ دینے کیلئے ایس سی او ایک اہم فورم ہے۔
2017ء میں ممبر بننے کے بعد سے پاکستان مختلف ایس سی او میکانزم میں شرکت کے ذریعہ ایس سی او کے کثیر الجہتی ایجنڈے کو فروغ دینے میں سرگرمی سے حصہ لے رہا ہے