اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اہم اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی تمام پارلیمانی آداب کو پس پشت ڈالتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو دھمکیاں دیتے رہے۔
اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال ہوا تو اسد قیصر سخت سیخ پا ہوئے اور کہا کہ وہ اپنی حد میں رہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہاؤس کے اندر اس معاملے کو متنازع بنا رہے ہیں۔ کل آپ نے ہاؤس ختم کیا اور آج اجلاس بلا لیا، آپ نے قرارداد لانی تھی تو پہلے اپوزیشن سے بات کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہ قرارداد ناکافی ہے۔ آپ نے قرارداد دیدی ہے، ہمیں پڑھنے کے لیے وقت دیا جائے، ہم چاہتے ہیں متفقہ قرارداد پاس کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سپیشل کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں، کمیٹی آف دی ہول بنائی جائے۔