اسلام آباد: سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی سنی گئی۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں رد و بدل کر دیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کر دیا گیا، پولنگ تین مارچ کو ہی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی، کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا جبکہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پولنگ 3 مارچ کو ہی ہوگی، امیدواروں سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، پیپلزپارٹی سمیت سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے قانونی تقاضوں اور کاغذات نامزدگی کے لوازمات پورا کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔