اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ہفتے اور اتوار کو بھی ملک کی تمام چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کراچی کی تمام مارکیٹس بھی کھولنے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس گلزارا حمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں کورونا ازخود نوٹس کیس کی سماعت جاری ہے۔ عدالت نے کہا کیا وبا نے حکومتوں سے وعدہ کر رکھا ہے وہ ہفتے اور اتوار کو نہیں آئے گی، کیا حکومتیں ہفتہ اتوار کو تھک جاتی ہیں، کیا ہفتہ اتوار کو سورج مغرب سے نکلتا ہے، ہم تحریری حکم دیں گے ہفتے اور اتوار کو تمام چھوٹی مارکیٹیں کھلی رکھی جائیں۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا زینب مارکیٹ کھولی جائے، اس میں زیادہ تر غریب لوگ آتے ہیں، زینب مارکیٹ میں لوگوں کو ایس او پیز پر عمل کرائیں، ایس او پیز پر عمل کرانا ہے، لوگوں کو ڈرانا نہیں، تاجروں سے بدتمیزی کرنی ہے نہ رشوت لینی ہے، دکانیں سیل کرنے کے بجائے ایس او پیز پر عمل کرائیں، جو دکانیں سیل کی گئی ہیں انہیں بھی کھول دیں، چھوٹے تاجر کورونا کے بجائے بھوک سے ہی نہ مر جائیں۔
عدالت نے کہا وزارت قومی صحت کی رپورٹ اہمیت کی حامل ہے، جن چھوٹی مارکیٹس کو کھولا گیا وہ کونسی ہیں ؟ کیا زینب مارکیٹ اور راجہ بازار چھوٹی مارکیٹیں ہیں ؟ کیا طارق روڈ اور صدر کا شمار بھی چھوٹی مارکیٹس میں ہوتا ؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا شاپنگ مالز کے علاوہ تمام مارکیٹیں کھلی ہیں۔