سوہاوہ : ہر بندہ اپنا محاسبہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو دیکھے کہ وہ حق پر کھڑا ہے یا اس کے قدم نا حق کی طرف ہیں
اپنی غلطیوں پر قائم رہنا پھر اس کا جواز پیش کرنا درست نہ ہے۔کیونکہ ہمارے فیصلے یہ بتا رہے ہیں کہ ہم کس راہ کے مسافر ہیں۔اور پھر اکثریت کے فیصلے اور اعمال معاشرے کو تشکیل دیتے ہیں۔اور یہ سب نتائج آج ہم دیکھ رہے ہیں۔ان خیالات کا ا ظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم جو چاہیں گے وہی ہمیں ملے گا جیسے کوئی زمین تیار کرکے جو بوئے گا وہی کاٹے گا۔یہ قانون قدرت ہے کہ جو بندہ برائی کی راہ چنے تو پھر اسے ایسی ہی محافل اور لوگ میسر ہوتے ہیں جو اسی راہ کے مسافر ہوتے ہیں اور اگر راہ حق پر چلے گا تو اسے وہ لوگ اور وہ صحبت میسر ہوگی جو نیک اور صالح ہوں گی اور روز محشر بھی اسے انہی لوگوں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔ہمیں بھی کوشش کرنی چاہیے کہ اللہ کریم ہمیں ایسے لوگوں کے ساتھ اُٹھائے جن پر اللہ کریم انعام فرمائیں گے اور ہمہ وقت دعا بھی کرتے رہنا چاہیے۔
آخر میں انہوں نے وبائی مرض (کورونا وائرس) سے نجات اور ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔
سوہاوہ: مشرف کیانی