اسلام آباد: سوئی ناردرن نے گیس صارفین پر 250 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواست کر دی ہے۔ اوگرا سوئی ناردن کی درخواست پر 26 نومبر کو عوامی سماعت کرے گا۔
اوگرا کے مطابق سوئی ناردرن نے یکم جولائی 2020ء سے گیس کی قیمت میں 773 روپے 50 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگ لیا ہے۔ سوئی نادرن نے گیس کی اوسط قیمت 1404 روپے 91 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔
آپریٹنگ انکم کی مد میں 60 روپے 41 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے۔ سوئی نادرن نے رواں مالی سال کیلئے 35 ارب روپے سے زائد کے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ لگایا ہے۔
سوئی ناردن نے اپنی درخواست میں گزشتہ سالوں کے 215 ارب روپے کے شارٹ فال بھی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ سوئی ناردن نے رواں مالی سال کیلئے 109 روپے 77 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور گزشتہ سالوں کیلئے 663 روپے 73 پیسے فی ایم بی ٹی یو کا اضافہ مانگا ہے۔