پی ٹی آئی احتجاج کے بعد پارٹی قیادت کے خلاف درج مقدمات کا معاملہ، سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق اور پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے پولیس کو سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری سے روک دیا، چیف جسٹس عامرفاروق نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاق اور پنجاب میں معلوم نہیں کتنے مقدمات درج ہیں، لاہور میں پنجاب پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، کسی بھی نامعلوم مقدمہ میں گرفتاری کا خدشہ ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمات کی تفصیلات دی جائیں اور گرفتاری سے روکا جائے، عدالت نے فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیئے اور وفاقی پولیس اور پنجاب پولیس سے مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔
عدالت نے سلمان اکرم راجہ کی کسی نئے مقدمہ میں گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے سماعت آئندہ ہفتہ تک کیلئے ملتوی کر دی۔