کوئٹہ: بلوچستان میں سانحۂ مستونگ کے خلاف اتحادِ اہلِ سنت کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔
ہڑتال کے باعث کوئٹہ، مستونگ، زیارت، قلات، کشمور، جعفرآباد اور دیگر شہروں میں بڑے پیمانے پر بازار بند ہیں اور جگہ جگہ چھوٹی بڑی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
مختلف سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے بھی اتحادِ اہلِ سنت بلوچستان کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز اتحاد اہلسنت بلوچستان کے رہنماؤں نے سانحہ مستونگ کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم اکتوبر کو صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔
مستونگ میں دہشت گرد نے عیدِ میلادالنبیﷺ کے جلوس میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔
نگران وفاقی وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ داعش اور ٹی ٹی پی کے پیچھے جائیں گے، ملک میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف جتنا بڑا آپریشن کرنا پڑا اب کریں گے۔