
راولپنڈی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ایک بکی کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کی جانب سے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو مشکوک انداز میں موبائل فون استعمال کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم دبئی میں فیضان نامی بکی سے رابطے میں تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں اعتراف کیا ہے کہ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ اس سے سری لنکا اور شارجہ میں تفتیش کر چکا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم سے 5 موبائل فونز اور کراچی ٹیسٹ میچ کے انٹری کارڈ بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ملزم نے کراچی سٹیڈیم کا انٹری کارڈ راولپنڈی میں جعل سازی سے استعمال کیا۔ ملزم کے قبضہ سے 13 ہزار روپے بھی برآمد کئے گئے ہیں۔
رپورٹ:راجہ فیصل کیانی بیورو چیف پنجاب