راولپنڈی (افتخار خٹک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی خرم سلیم نے 92 نیوز چینل کی اینکر ربیعہ احسن کے قتل کے الزام میں گرفتار مقتولہ کے شوہر کی ضمانت منظور کرلی ہے عدالت نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی رہائی کا حکم دیا ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر مدعی و مقتولہ کے بھائی کی جانب سے ملک محسن محمود کلیامی اور ایڈیشنل سیکریٹری جنرل ہائی کورٹ بار صباء فراز راجہ پیش ہوئے جبکہ مقتولہ کی والدہ، بھائی اور بہن نے عدالت میں بیان حلفی جمع کروا دیا جس میں کہا گیا کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھی عدالت احسن طاہر کو ضمانت پر رہا کرے تو ہمیں اعتراض نہیں عدالت نے بیان حلفی اور ورثا کے بیان پر ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی قبل ازیں مجاز عدالت نے مقتولہ کے شوہر کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر 18 نومبر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوادیا تھا یاد رہے کہ 8 نومبر کو گلشن آباد کے علاقے میں گھر میں گولی چلنے سے 92 نیوز کی اینکر ربیعہ احسن جاں بحق ہو گئی تھی جس کے الزام میں پولیس نے متوفیہ کے شوہر کو گرفتار کیا تھا جبکہ پولیس نے متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور ناجائز اسلحہ کی دفعہ 13/2 اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا تاہم متوفیہ کے بھائی اور والدہ سمیت دیگر اہل خانہ نے اسے ایک اتفاقی حادثہ قرار دیتے ہوئے مقدمہ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹ,: افتخارِ ختک
