دکھی انسانیت کی خدمت حقوق العباد کا عظیم الشان عملی نمونہ اور مظہر ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر

دکھی انسانیت کی خدمت حقوق العباد کا عظیم الشان عملی نمونہ اور مظہر ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر
جامع مسجد اثریہ ٹرسٹ ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
جہلم(محمد زاہد خورشید ) دکھی انسانیت کی خدمت حقوق العباد کا عظیم الشان عملی نمونہ اور مظہر ہے، ان خیالات کے اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے جامع مسجد اثریہ ٹرسٹ ہسپتال چک جمال روڈ جہلم میں افتتاحی خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات میں حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی اہمیت کو خوب واضح کیا گیا ہے۔دینی مدارس میں جہاں طلبائے علم میں علوم شرعیہ میں پختگی و رسوخ پیدا کیا جاتا ہے، بعد ازاں ! وہ جہالت کے اندھیروں کو ختم کرنے کی دعوت لے کر معاشرے میں پھیل جاتے ہیں اور دینی تعلیم سے لوگوں کو آراستہ کرتے ہیں۔ وہاں خدمت انسانیت کا درس بھی انہیں دینی مدارس دیتے ہیں، جہاں وہ خدمت خلق کے عملی نمونے دیکھتے ہیں۔نماز جمعہ کے بعد اثریہ ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح ہوا، جس میں علاقہ بھر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر شاہد تنویر جنجوعہ سینئر فیملی فزیشن اور ڈاکٹر شاہد معروف سینئر فیملی فزیشن کے زیر نگرانی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈاکٹر ظفر محمود خواجہ جنرل اینڈ لیپروسکوپک سرجن، ڈاکٹر سید زبیر یونس میڈیکل سپیشلسٹ اور ڈاکٹر شہناز شاہد گائناکالوجسٹ نے مریضوں کا فری چیک اپ کیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔اہل علاقہ نے اس کیمپ کو خوب سراہا اور ایسے کیمپس آئندہ بھی جاری رکھے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر نوید احمد انچارج اثریہ فری ڈسپنسری بھی اس موقع پر موجود تھے